نئی دہلی:12/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مبینہ طور پر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے یوپی کے گورکھپور میں ہوئی بچوں کی اموات پربی ایس پی چیف مایاوتی نے کہاہے کہ معصوموں کی موت کے لیے یوپی حکومت ذمہ دارہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوموں کے اہل خانہ کو انصاف دلوانے کے لیے ہم آگے آئے ہیں۔ مایاوتی نے قصورواروں پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔وہیں کانگریسی لیڈر آر پی این سنگھ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ یوپی حکومت کی لاپرواہی سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری میڈیکل کالج ہے اور حکومت کو آکسیجن کی سپلائی کے لئے مناسب پیسے دینے چاہئیں تھے۔اتر پردیش کے گورکھپور میں 5 دنوں میں 60 بچوں کی اموات کے معاملے سے پورا ملک سہما ہواہے۔بی جے پی سرکاربری طرح اس معاملے پرگھرگئی ہےْ۔ مبینہ طور پر آکسیجن کی سپلائی میں کمی اس کی وجہ بتائی جا رہی ہے لیکن حکومت اس بات سے انکار کر کے بچنے کی کوشش کررہی ہے۔ ہسپتال میں آکسیجن سلینڈر سپلائی کرنے والی کمپنی پشپا سیلز کے مالک منیش بھنڈاری کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔ وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اس پورے معاملے میں تحقیقات کا حکم دے دیاگیاہے۔سوال یہ ہے کہ یوگی براہِ راست اس کی ذمہ داری کیوں نہیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔